نئی دہلی،4؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی سے ملحق گریٹر نوئیڈا کے شاردا یونیورسٹی سے لاپتہ ایک کشمیری طالب علم کے مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔اس معاملے میں شاردا یونیورسٹی کے پی آر او اجیت کمار نے کہا کہ احتشام بلال سیفی نے یونیورسٹی میں اسی سال 18 ستمبر کو جوائن کیا تھا۔اس کی حاضری 80 فیصد ہے۔وہ کا فی ذہین تھا۔انہوں نے کہا کہ درمیان میں اس کی کچھ طالب علموں سے لڑائی ہوئی تھی۔کچھ تنظیمیں اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہی تھیں جن طلباء نے اسے مختلف رنگ دینے کی کوشش کی ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ بلال بردھمان ہاسٹل میں دیگر کشمیری طالب علموں کے ساتھ رہتا تھا۔اجیت کمار نے کہا کہ پہلے پتہ چلا تھا کہ بلال دہلی گیا ہے۔اوکھلا میں اس کا دوست رہتاہے،جو سرینگر کا ہے۔تاہم بعدمیں اس کی لوکیشن پلوامہ میں ملی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کبھی ایسا نہیں لگا کہ بلال دہشت گرد تنظیم جوائن کر سکتا ہے۔پہلے جب لڑائی ہوئی تھی تب والد کی جانب سے اس وقت مار پیٹ کی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ہم سب جانچ ایجنسیوں کے رابطے میں ہیں۔اب بلال کی گئی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر ہم بھی حیران ہیں۔